ایف آئی اے کی گوادر میں کارروائی، ایران جانے والے 21 غیر قانونی مسافر گرفتار

Published On 03 November,2025 11:47 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل گوادر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایران جانے کی کوشش کرنے والے 21 غیر قانونی مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد کو جیوانی کے ساحلی علاقے سے حراست میں لیا گیا، جو سمندر کے راستے پاکستان سے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان ایران کے راستے غیر قانونی طور پر دیگر ممالک جانا چاہتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے ہے، گرفتار افراد میں 6 کا تعلق گوجرانوالہ، 2 کا منڈی بہاءالدین، 2 کا حافظ آباد، 2 کا ننکانہ صاحب، 3 کا نوشہرہ سے ہے، جبکہ باقی 6 افراد کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ، سیالکوٹ، باجوڑ، چکوال، گجرات اور شیخوپورہ کے مختلف علاقوں سے ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر پار کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔