شہرِ قائد کے نجی ہسپتال میں بچہ فروخت ہونے کا انکشاف، مقدمہ درج

Published On 02 November,2025 06:08 pm

کراچی :(دنیا نیوز) شہرِ قائد میں ہسپتال کے اخراجات ادا کرنے کے لیے نومود کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق واردات میمن گوٹھ کے نجی ہسپتال میں ہوئی، واردات کا مقدمہ نومولود کے والد سارنگ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،مقدمہ میں اغوا کی دفعہ 363 اور پریوینشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز کی دفعہ 3،4 اور 5 لگائی گئی ہیں، مقدمے کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کرے گی۔

مقدمے کے متن میں لکھا گیا کہ میں جوکھیو گوٹھ نوری آیاد جامشورہ کا رہنے والا ہوں، میری اہلیہ حاملہ تھی اور چند ماہ پہلے روٹھ کر والدین کے گھر چلی گئی تھی، 5 اکتوبر کو میری اہلیہ اپنی والدہ کے ساتھ نجی کلینک معائنے کے لیے گئی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ لیڈی ڈاکٹر نے آپریشن تجویز کرتے ہوئے رقم جمع کروانے کا مطالبہ کیا، رقم نہ ہونے پر ڈاکٹر نے مشورہ دیا کہ وہ ایک عورت کو جانتی ہیں جو غریبوں کی مدد کرتی ہے، وہ خاتون غریب بچوں کو پالتی بھی ہے ، وہ تمہارے آپریشن کا خرچہ بھی ادا کر دے گی۔

متن میں بتایا گیا کہ شمع زوجہ اعظم نامی خاتون نے آکر اسپتال کے اخراجات ادا کیے اور میری اہلیہ سے بچہ لے لیا، مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ میرا بیٹا ہوا ہے لیکن وہ شمع نامی عورت لے گئی ہے، میں ہسپتال پہنچا اور معلومات لی، شمع نامی خاتون کا نمبر دیا گیا۔

ایف آر آئی میں کہا گیا کہ بعد ازاں شمع نامی خاتون کا نمبر بند ہے، کوئی رابطہ نہیں ہوسکا ہے، مجھے شبہ ہے کہ شمع نامی خاتون نے میرا بچہ کسی اور کو فروخت کر دیا ہے،قانونی کارروائی کی جائے۔