کرک: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی اور کرک پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔
محکمہ انسدادِ دہشت گردی کوہاٹ ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس کرک نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی، اطلاع ملی کہ تخت نصرتی میں مدکی روڈ پر مسلح دہشت گردوں نے ناکہ بندی کی ہوئی ہے، وہاں سے گزرنے والے مسافروں کی تلاشی لے رہے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کی ٹیم اور ضلعی پولیس کی بھاری نفری نے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کیا، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے میں کئے گئے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک پایا گیا، ہلاک دہشت گرد سے ایک کلاشنکوف، دومیگزین، ایک دستی بم، متعدد کارتوس برآمد کر لئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔

			
			
			
			
			
			
			
			
  
          
		  
         
		  
         
		  
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
