میاں چنوں میں اندھے قتل کا معمہ حل، سوتیلا بیٹا ہی والد کا قاتل نکلا

Published On 06 November,2025 09:20 am

خانیوال: (دنیا نیوز) خانیوال میں تھانہ سٹی میاں چنوں پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے مقتول والد کے سوتیلے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم حنظلہ شاہد نے اپنے سوتیلے والد طاہر طیب کو بیٹ کے وار کر کے قتل کیا تھا۔

تحقیقات میں سامنے آیا کہ مقتول نے دو سال قبل ملزم کی والدہ سے شادی کی تھی جس پر ملزم کو شدید رنج تھا، اسی رنجش کے باعث ملزم نے موقع ملتے ہی اپنے سوتیلے والد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

قتل کا مقدمہ مقتول طاہر طیب کے بھائی ادریس کی مدعیت میں تھانہ سٹی میاں چنوں میں درج تھا، پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار اپناتے ہوئے کیس کو ٹریس کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے اس سے جرم کا اعتراف بھی کروا لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔