اوباڑو (دنیا نیوز) دو برادریوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 8 زخمی ہوگئے۔
سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو کے علاقے رونتی کچا میں شر اور سیلرا برادری کے درمیان پرانا تنازعہ ایک بار پھر سنگین شکل اختیار کر گیا، دونوں گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ میدانِ جنگ بن گیا۔
پولیس کے مطابق شر برادری کے مسلح افراد نے گاؤں محبوب سیلرو پر چڑھائی کی اور فائرنگ شروع کر دی، نتیجے میں سیلرا اور پہنور برادری کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ابراہیم، صوبہ، حمید، علی گوہر اور ایاز کے ناموں سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں دونوں برادریوں کے 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہسپتال اوباڑو منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے، جس کے پیشِ نظر پولیس کی بھاری نفری گاؤں محبوب سیلرو کی جانب روانہ کر دی گئی ہے، صورتحال پر قابو پانے اور مزید جانی نقصان سے بچنے کیلئے علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔



