کراچی: سفاک باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا، ملزم گرفتار

Published On 21 October,2025 08:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سفاک باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک G کوثر نیازی کالونی میں لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں سفاک باپ نے اپنی دو کمسن بیٹیوں زینب اور عالیہ کو بے دردی سے ذبح کر کے قتل کیا، پولیس نے ملزم اکبر کو گرفتار کر لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم شدید مالی دباؤ اور قرضوں میں مبتلا تھا، ملزم پر مختلف کمیٹیوں کے واجبات تھے جنہیں وہ بے روزگاری کے باعث ادا نہ کر سکا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم اکبر کے 6 بچے ہیں جن میں ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں، مقتولہ زینب اور عالیہ تیسرے اور چوتھے نمبر کی بیٹیاں تھیں۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔