سفاک ملزمان نے ناجائز تعلقات استوار نہ کرنے پر 5 بچوں کی ماں کو قتل کر ڈالا

Published On 07 November,2025 01:08 am

خانیوال: (دنیا نیوز) تحصیل کبیروالا کے نواحی گاؤں میں سفاک ملزمان نے ناجائز تعلقات استوار نہ کرنے پر 5 بچوں کی ماں کو قتل کر ڈالا۔

ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع خانیوال کی تحصیل کبیروالا کے نواحی گاؤں حشمت مرالی میں پیش آیا، ملزم نے ناجائز خواہش پوری نہ کرنے پر خاتون کو آہنی راڈ مار مار کر موت کی نیند سلا دیا، خاوند کی غیر موجودگی میں ملزم عبدالستار نے اپنے ساتھی کے ہمراہ روبینہ کو قتل کیا۔

ملزمان نے خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو کھیتوں میں پھینک دیا، پولیس تھانہ سرائے سدھو نے ملزم اور اس کے ساتھی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا، خاتون کی لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا گیا۔