کراچی: (دنیا نیوز) ناظم آباد میں ایس آئی یو اور سی آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قادری ہاؤس پر چھاپے کے دوران متعدد بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق چھاپہ بھتہ خوری اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے مارا گیا، کارروائی کے دوران 12 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا، گرفتار ملزمان میں جواد قادری عرف خواجہ اور شاہ زیب ملا بھی شامل ہیں، ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران نے کہا کہ کارروائی گزشتہ روز گرفتار ملزم ریحان کی نشاندہی پر کی گئی، گرفتار ملزم جواد بھتہ خوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے، گرفتار ملزمان قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں، ملزمان بھتہ خوری کیلئے شوٹرز، اسلحہ، ٹارگٹ کلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
دوسری جانب قادری ہاؤس کی قیادت نے پولیس کی کارروائی کو چادر چار دیواری کے تقدس کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسلحے کو لائسنس یافتہ اور قانونی بتایا اور کہا کہ اگر کوئی فرد جرم میں ملوث ہوتا تو قانون نافذ کرنے والے اداروں سے خود تعاون کیا جاتا۔
ثروت اعجاز قادری نے پولیس چھاپے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میری فیملی کی بے حرمتی کی گئی، ہم نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور قربانیاں دی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس چھاپے میں ملوث پوری ٹیم کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر پورے ملک میں احتجاج کیا جائے گا۔



