اوباڑو: گڈوکشمور روڈ پر بس سے اغوا کیے گئے تمام مسافر بازیاب کرا لیے : ترجمان رینجر

Published On 16 December,2025 10:42 pm

اوباڑو:(دنیا نیوز) سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈوکشمور روڈ پر بس سے اغوا کیےگئے تمام مسافروں کو بازیاب کرالیا گیا۔

رینجر ترجمان کے مطابق فورسز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن سے ڈاکوؤں کے قبضے سے 14 مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا، بس کنڈکٹر سے مسافروں کی تعداد بارے معلومات حاصل کی گئی جو بتانے سے قاصر رہا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 13 مغوی بازیاب ہوئے ہیں اور ایک کی لاش مل گئی ہے جس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے، جاں بحق مغوی کریم بخش ضلع جعفرآباد کا رہائشی ہے۔

رینجر ترجمان کا مزید کہنا تھا آپریشن کے دوران ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، ڈاکوؤں نے پولیس بکتر بند پر راکٹ بھی فائر کیے۔

واضح رہے گزشتہ روز ملزمان مسافروں کو بس صدا بہار سے ضلع گھوٹکی اوباڑو کے قریب سے اغواء کرکے لے گئے تھے، رینجرز اور پولیس نے کچے کی طرف جانے والے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا۔