حیدرآباد: مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

Published On 16 December,2025 05:41 am

حیدرآباد: (دنیا نیوز) حیدرآباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق 15 دسمبر 2025ء کو پولیس سٹیشن بی سیکشن کی حدود یونٹ نمبر 6، بلاک ڈی سے نامعلوم ملزمان ایک کار چوری کرکے فرار ہوگئے تھے، ایس ایس پی حیدر آباد عدیل حسین چانڈیو نے واردات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مقدمہ درج کرنے اور مسروقہ گاڑی کی برآمدگی کے احکامات جاری کیے۔

پولیس سٹیشن بی سیکشن نے مدعی طلعت یونس قریشی کی فریاد پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا، پولیس سٹیشن بی سیکشن نے ٹریکر کی معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کنڈیارو ٹول پر حکمتِ عملی کے ساتھ مسروقہ گاڑی برآمد کرلی اور مرکزی ملزم گوجرانوالہ کے رہائشی محمد سلیم راجپوت کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ نائیجانی لنک روڈ بند کے ساتھ ایک جگہ پر اس کے واردات میں شریک ساتھی موجود ہیں، پولیس پارٹی گرفتار ملزم کے ہمراہ وہاں پہنچی تو وہاں پر موجود 2 ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے تبادلے کے دوران گرفتار ملزم محمد سلیم راجپوت اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔

ملزم کے 2 ساتھی عبد الشکور عرف شکوری اور عمران عرف مانی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ملزم گاڑیاں چوری کرنے والے بین الصوبائی گروپ سے تعلق رکھتا ہے، ملزم پر 33 سے زائد مقدمات سندھ اور پنجاب میں داخل ہیں، قانونی ضابطے کی کارروائی کیلئے ہلاک ملزم کی لاش کو سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔