کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے پیر آباد نصرت نگر میں فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 28 سالہ پیٹر کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو پیٹ میں ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، زخمی حالت میں پیٹر کو فوری طور پر ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق فائرنگ میں دو ملزمان ملوث تھے جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اہلِ خانہ کے مطابق مقتول ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال میں سینئر پیرامیڈیکل سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا اور نہایت ذمہ دار اور ملنسار تھا، اہلِ خانہ نے بتایا کہ پیٹر دو بچوں کا باپ تھا اور واقعے کے روز اس کی بیٹی کی سالگرہ تھی، تاہم خوشی کا یہ موقع المناک حادثے میں بدل گیا۔
اہلِ خانہ نے مزید بتایا کہ مقتول علاقے میں ہونے والے ایک جھگڑے کے بعد صلح کروانے گیا تھا، جہاں بات بگڑنے پر ملزموں نے اس پر فائرنگ کر دی، پیٹر کا کسی سے ذاتی جھگڑا نہیں تھا اور وہ صرف معاملات سلجھانے کی نیت سے وہاں موجود تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی، پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



