کراچی :(دنیا نیوز) شہرِقائد میں ایک گھر سےخاتون اور 3بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کی گنا منڈی میں واقع ایک گھر سے چار لاشیں برآمد ہوئیں ، ایک خاتون اور 3 بچوں کی لاشیں لٹکی ہوئی حالت میں ملی ہیں۔
حکام نے ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی کا شبہ قرار دیا ہے، تاہم تفتیش کا عمل جاری ہے، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ گھر کے سربراہ نجیب اللہ نے دو شادیاں کر رکھیں تھیں، جس کی پہلی بیوی پنجابی اور دوسری ازبک تھی، پہلی بیوی سے دو بچے اور دوسری بیوی سے بھی دو بچے تھے جب کہ پہلی نجیب اللہ کو چھوڑ کر چلی گئی تھی۔
مکینوں نے بتایاکہ جاں بحق ہونے والے ایک بچی پہلی بیوی کی ہے، جاں بحق ہونے والے دونوں بچے دوسری بیوی فاطمہ کے ہیں، پہلی بیوی سے ایک بیٹا ہے جو باپ کے ساتھ تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نجیب اللہ سبزی منڈی میں کام کرتا ہے، رات میں نجیب اللہ اپنے بیٹے کے ساتھ سبزی منڈی گیا ہوا تھا، صبح جب وہ آیا تو گھر کا کوئی دروازہ نہیں کھول رہا تھا، نجیب اللہ کا بڑا بیٹا چھت کے ذریعے گھر میں داخل ہوا تو تمام لاشیں کمرے میں موجود تھی۔
اہل علاقہ نے مزید بتایا کہ کہ خاتون کا دماغی توازن بھی کچھ ٹھیک نہیں تھا پہلے بھی جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
علاوہ ازیں ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر احمد شیخ نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعے کو خودکشی کہا جا رہا ہے، تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔



