پاکپتن: (دنیا نیوز) تھانہ بڑا گھر کی حدود میں مبینہ مقابلہ ہوا، ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام نے بتایاکہ تھانہ بڑا گھر کی حدود میں نامعلوم دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں نے روکنے پر پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، حق حفاظت خود اختیاری میں پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس حکام نے مزید بتایاکہ ہلاک ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے، ہلاک ملزم سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا، فرار ہونیوالے ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ہلاک ملزم کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ننکانہ ہسپتال منتقل کر دی گئی، مزید کارروائی کا عمل جاری ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل بڑا گھر ایوب ساہی بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔



