بالی وڈ اداکار نریندرجھا 55 برس کی عمر میں انتقال کرگے، وہ دل کے مرض میں مبتلا تھے اور بدھ کی صبح مہاراشٹر میں اپنے فارم ہاؤس پر موجود تھے جہاں انہیں جان لیوا ہارٹ اٹیک ہوا۔اداکار کی عمر 55 برس تھی اور حال ہی میں انہوں نے شاہ رخ خان کی فلم رئیس میں موسیٰ بھائی کا کردار نبھایا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر اپنے فارم ہاؤس میں موجود تھے، جہاں انہوں نے اپنے ڈرائیورسے سینے میں درد کی شکایت کی، جو انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال لے کر گیا، تاہم اداکار جانبر نہ ہوسکے۔ نریندر جھا بھارت کی ریاست بہار میں پیدا ہوئے اور اپنے فنی کرئیر کے دوران فلم اور ٹی وی دونوں کے لیے کام کیا۔ نریندر نے سلمان خان کی نئی فلم بھی سائن کر رکھی تھی، لیکن قدرت نے انہیں موقع نہیں دیا۔
ان کی اچانک موت کی خبر سامنے آتے ہی پوری فلم انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کی موت کے حوالے سے تعزیتی پیغامات وائرل ہو رہے ہیں۔ جن میں اداکار کی اچانک موت پر گہرے رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کی فنی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔