اپنے کیریئر اور معاوضہ حاصل کرنے کیلئے لڑنا پڑا، کنگنا

Last Updated On 29 March,2018 05:36 pm

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا ) بالی ووڈ کی بہترین اداکارہ کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا میں ایک اچھی انسان ہوں لیکن بہترین نہیں، اپنے حقوق کیلئے لڑنا جانتی ہوں، 2018کی سب سے بہترین فلم کر رہی، اتنے بڑے بجٹ کی فلم کبھی نہیں بنی۔

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کا نام صرف بہترین اداکاری کے لیے ہی سامنے نہیں آتا بلکہ وہ اپنے بے باک انداز کی وجہ سے بہت سے تنازعات کا شکار بھی بنتی رہتی ہیں۔ وہ اس وقت بالی ووڈ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں سے ایک مانی جاتی ہیں۔ اپنے منفرد انداز کے بارے میں اداکارہ نے حال ہی میں د ئیے ایک انٹرویو میں اپنی بہادری کی وجہ بتائی۔ کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ایمانداری کی بات کی جائے تو میں باہر یہ سوچ کر کبھی نہیں جاتی کہ مجھے معاشرے کو تبدیل کرنا ہے ، میں ایک اچھی انسان ہوں لیکن بہترین نہیں، میں اپنے حقوق کے لیے لڑنا جانتی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ایسا کیریئر حاصل کرنے کے لیے لڑنا پڑا، یہ معاوضہ جو میں آج وصول کر رہی ہوں اس کے لیے لڑنا پڑا، آج میرے پاس میرا گھر اور جائیداد ہے تو میں نے انہیں لڑ کر حاصل کیا ہے ، کسی اور کی وجہ سے یہ میرے پاس نہیں۔

بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ لوگ سمجھتے ہیں میں ہر دن ایک جنگ لڑ رہی ہوں اور میرا کوئی مستقبل نہیں کیوں کہ میری ’’جوہر ‘‘یا کسی ’’روشن‘‘ سے کوئی دوستی نہیں، لیکن ایسا نہیں ہے ، میں 2018 کی سب سے بہترین فلم میں کام کر رہی ہوں، اتنے بڑے بجٹ پر اب تک کوئی دوسری ایسی فلم نہیں بنی جس میں اداکارہ کا مرکزی کردار ہو۔