موسیقار امجد بوبی کی آج تیرہویں برسی ہے

Last Updated On 15 April,2018 04:04 pm

اپنے کیریئر کے دوران 50 سے زائد فلموں کی موسیقی دی ، بہترین کارکردگی پر متعدد ایوارڈز حاصل کئے

لاہور (دنیا نیوز ) آج پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور موسیقار امجد بوبی کی تیرہویں برسی ہے،   بس بھئی بس زیادہ بات نہیں چیف صاب   جیسے گیت آج بھی انہیں زندہ رکھے ہیں۔ پاکستان کے معروف موسیقار امجد بوبی کا تعلق موسیقار گھرانے سے تھا، وہ نامور موسیقار رشید عطرے کے بھانجے تھے۔

وہ انیس سو تینتالیس میں امرتسر میں پیدا ہوئے، امجد نے انیس سو ساٹھ کی دہائی میں   ایک نگینہ   سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ انہوں نے اپنے 40 سالہ کیریئر کے دوران 50 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی جن میں سرگم، گھونگھٹ، گھر کب آئو گے، سنگم، چیف صاحب، کبھی الوداع نہ کہنا اور لازوال جیسی ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

ان کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے ممبئی جا کر پاکستانی فلموں کے گیت ریکارڈ کئے اور جاوید شیخ کی فلم   یہ دل آپ کا ہوا   کیلئے بھارتی گلوکار سونو نگھم اور کویتا کرشنا مورتی کی آواز میں گانے ریکارڈ کرائے۔ امجد کو 1983 اور 1997 میں نگار ایوارڈ اور 1999میں بولان ایوارڈ دیا گیا۔ وہ پندرہ اپریل دو ہزار پانچ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔