سری دیوی نے موت کے بعد بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا

Last Updated On 14 April,2018 06:27 pm

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر جانیوالی سری دیوی فلم ’’مام ‘‘ میں بہترین اداکاری پر نیشنل ایوارڈ کی حقدار ٹھہری ہیں۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 62 ویں نیشنل فلم ایوارڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں ایوارڈ انتظامیہ نے بھارتی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات سر انجام دینے والوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈری آنجہانی اداکارہ سری دیوی کو رواں سال فلم موم کیلئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ بہترین ہندی فلم نیوٹن قرار دی گئی، موسیقار اے آر رحمن نے فلم کاترو ویلیا دائی کیلئے بہترین میوزک ڈائریکٹر اور فلم موم میں بہترین بیک گراؤنڈ میوزک کیلئے ایوارڈ جیتا اس کیساتھ ہی اے آر رحمن اپنی زندگی میں 6 بار نیشنل ایوارڈ حاصل کرنیوالے بھارت کے پہلے میوزک کمپوزر بن گئے۔

تقریب میں ونود کھنہ کیلئے داداصاحب پھالکے ایوارڈ کا اعلان کیا گیا، فلم باہوبلی2 نے بہترین سپیشل ایفیکٹس اور بہترین ایکشن کیلئے ایوارڈ جیتا جبکہ گنیش اچاریہ نے فلم ٹوائلٹ، ایک پریم کتھا کے گیت گوری تو لٹھ مار کی کوریوگرافی کیلئے نیشنل ایوارڈ جیتا۔