آٹھ سالہ کشمیری بچی کی بے حرمتی اور قتل، بالی وڈ اسٹارز بھی بول پڑے

Last Updated On 14 April,2018 11:48 am

کتنے بچے مذہب اور سیاست کے نام پر قربان ہونگے، عامر خان، شاہ رخ خان، پریانکا سمیت اداکاروں کا شدید غم اور غصے کا اظہار

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں آٹھ سالہ بچی کے اندوہناک قتل نے جہاں کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے وہاں انسانیت کا درد رکھنے والے ہر ذی شعور کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اسی طرح بالی وڈ سٹارز نے بھی اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، جسٹس فار آصفہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

پریانکا نے لکھا: آصفہ کی طرح اور کتنے بچے مذہب اور سیاست کے نام پر قربان کیے جائیں گے؟ جبکہ اداکار سنجے دت نے اپنے پیغام میں لکھا کہ بطور معاشرہ ہم ناکام ہوچکے، آصفہ کےساتھ جوہوا ایک والد کے طور پر میں غصے سے بھرا ہوا ہوں۔ انوشکا شرما نے اس وحشیانہ واقعے پر اپنے جذبات کا اظہار یوں کیا کہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل شیطانیت کی بد ترین مثال ہے۔ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا کہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل پر میرا دل رو رہا ہے اور یہ واقعہ انسانیت کی توہین ہے۔

بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل پر انصاف میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ پرینیتی چوپڑا نے لکھا کیسے ایک انسان دوسرے انسان کے ساتھ ایسی شیطانی حرکت کرسکتاہے۔

یاد رہےآٹھ سالہ کشمیری بچی آصفہ کو اغوا کر کے زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جب کہ غاصب بھارتی حکومت ملزم کو پکڑنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے میں کوئی دلچسپی دکھانے کی بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔