نورفاطمہ آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک، محلہ داروں سے بھی پوچھ گچھ جاری
چیچہ وطنی: (دنیا نیوز) آٹھ سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کی تحقیقات کا سلسلہ تیز ہوگیا تاہم ملزم ابھی تک قانون کی گرفت سے باہر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او شیخوپورہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، محلہ داروں سے بھی پوچھ گچھ کی جاری ہے، نورفاطمہ کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیاگیا۔
چیچہ وطنی میں آٹھ سالہ بچی کو درندہ صفت انسان نے زیادتی کے بعد زندہ جلا دیا تھا جس کے باعث وہ سسک سسک کر زندگی کی بازی ہار گئی تھی۔ نورفاطمہ کو گذشتہ روز آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اندوہناک واقعے کے بعد شہر میں آج بھی سوگ کا سماں ہے۔
وزیر اعلی پنجاب نے آر پی او شیخوپورہ ذوالفقار حمید کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے جلد رپورٹ پیش کرے گی۔ مقامی پولیس کی جانب سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، محلے داروں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے، گذشتہ روز ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا۔