جڑانوالہ:(دنیا نیوز) جڑانوالہ میں بھی بچوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے 8 رکنی گروہ کے سیاہ کرتوت سامنے آ گئے۔ تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ متاثرہ بچوں نے چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔ طلال چودھری کہتے ہیں ملزم جتنے بھی بااثر ہوں، نہیں چھوڑیں گے، معاملہ اٹھانے پر دنیا نیوز کے شکر گزار ہیں۔
ایک اور ویڈیو سکینڈل منظر عام پر آگیا۔ فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں بچوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ 2013 سے جڑانوالہ میں زیادتی اور بلیک میلنگ کے متعدد واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ 8 رکنی گروہ بچوں کی زبردستی ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل کرتا ہے لیکن کوئی ایکشن نہیں ہوا۔
ایک متاثرہ لڑکے کہنا تھا متعدد بچے بااثر شخصیات کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے وہ مدد کریں۔ دنیا نیوز نے اس حساس معاملے پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے رابطہ کیا۔ ان کا کہنا تھا ملزم جتنے بھی بااثر ہوں نہیں چھوڑیں گے، معاملہ اٹھانے پر دنیا نیوز کے شکر گزار ہیں۔
ایس ایس پی آپریشن فیصل آباد نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ویڈیو سکینڈل میں ملوث کچھ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا وہ دیگر متاثرین سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ان کی بھی ایف آئی آر درج ہوسکے۔