کراچی میں محبت کا جھانسہ دے کر کالج کی طالبات سے مبینہ زیادتی کرنے والا چار رکنی گروہ پکڑا گیا۔ ملزمان لڑکیوں کو ورغلا کر فارم ہاؤس لے جاتے تھے جہاں نا صرف انہیں زیادتی کا نشانہ بناتے تھے بلکہ وڈیوز بنا کر بعد میں بلیک میل بھی کرتے تھے لیکن پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد غیر قانونی اسلحہ کا کیس بنا دیا۔
ملزمان کو عدالت میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے کیس میں پیش کیا گیا تو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پولیس کےمطابق ملزمان سے کچھ وڈیوز برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ کچھ کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملزمان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اسلحہ سے لیس تصاویر بھی موجود ہیں۔ ملزمان کے خلاف سمن آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے متاثرہ لڑکیوں اور ان کے والدین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کا نام اور تفصیلات صیغہ راز میں رکھی جائیں گی۔