جڑانوالہ: زیادتی کے بعد قتل کی گئی کمسن طالبہ کو دفنا دیا گیا

Last Updated On 02 April,2018 05:08 pm

جڑانوالہ: (دنیا نیوز) جڑانوالہ میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی کمسن طالبہ مبشرہ کو دفنا دیا گیا ہے۔ نمازِ جنازہ کے بعد احتجاجی مظاہرے میں شریک طلبہ نے دکانیں زبردستی بند کروا دیں۔ پولیس ناکام مذاکرات کے بعد موقع سے کھسک گئی۔ وزیرِ اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب نے سی پی او کو 24 گھنٹوں میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

جڑانوالہ میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی کمسن طالبہ مبشرہ کی نمازِ جنازہ کچہری چوک میں ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ معصوم مبشرہ سے ہونے والی زیادتی پر نمازِ جنازہ میں شریک طلبہ مشتعل ہو گئے۔

غم و غصے میں بپھرے طلبہ نے دکانیں زبردستی بند کروا دیں اور پولیس کے خلاف نعرہ بازی کی۔ صورتحال بگڑنے لگی تو پولیس خاموشی سے غائب ہو گئی۔ ادھر وزیرِ اعلی میاں شہباز شریف اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے کر سی پی او کو 24 گھنٹے میں رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی غفلت کے باعث جڑانوالہ میں صرف 10 دن کے مختصر عرصے میں درندگی کے تین بڑے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ کمسن طالبہ کے ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو سرِعام پھانسی دینے کیلئے قوانین میں ترامیم بھی کرنا پڑتی ہیں تو کی جائیں۔ یاد رہے کہ جڑانوالہ کے علاقے گلشن عزیز کی 7 سالہ طالبہ مبشرہ کو نامعلوم درندوں نے زیادتی کے بعد قتل کر کے لاش کھیتوں میں پھینک دی تھی۔