کرے کوئی بھرے کوئی، ارباز کی سٹہ بازی سلمان خان کیلئے امتحان بن گئی

Last Updated On 06 June,2018 02:55 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ خان کے خلاف عدالت میں کئی مقدمات زیر سماعت ہیں تاہم اس بار وہ اپنی نہیں بلکہ اپنے چھوٹے بھائی ارباز خان کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ سلو بھائی کی نئی فلم ’ریس 3‘ریلیز ہونے کو ہے اور سلمان کو میڈیا کے تند و تیز سوالوں‌ سے بچنے کی کوئی صورت سمجھ نہیں آ رہی جس کا منفی اثر ان کی فلم کی اشتہاری مہم پر ہو سکتا ہے.

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ فلم ’ریس 3‘ کی تشہیر کے لیے خود میدان میں اتریں گے لیکن اب وہ میڈیا کے سامنے آنے سے بچ رہے ہیں کیونکہ انہیں اس بات کا خدشہ ہے کہ میڈیا ان سے اربازخان کی سٹے بازی سے متعلق ضرور پوچھے گا۔ سلمان خان کی فلم ’’ریس 3‘‘ کی ریلیز کو کچھ ہی دن باقی ہیں اور وہ اس موقع پر نہیں چاہتے کہ کوئی ان سے ان کے چھوٹے بھائی ارباز خان کی سٹے بازی سے متعلق کوئی سوال پوچھے کیونکہ اگر انہوں نے اپنے بھائی کی حمایت یا مخالفت میں کچھ بھی کہا تو اس سے ان کی فلم پر برا اثرپڑسکتا ہے۔ اس لئے انہوں نے فلم میں کام کرنے والے دیگر اداکاروں کو خاص طورپرتنبیہہ کی ہے کہ وہ ارباز خان سے متعلق کسی بھی سوال کا جواب نہ دیں۔

واضح رہے کہ جس روزارباز خان کی سٹے بازی میں ملوث ہونے کی خبریں آئی تھیں اسی روز ریس 3 کے گانوں کی رونمائی کی تقریب تھی اورعین وقت پراس تقریب کو ملتوی نہیں کیا جاسکتا تھا ۔ اس لئے اربازسے میڈیا کی توجہ ہٹاںے کے لیے سلمان خان اسٹیج پر اپنے ساتھ اپنی گرل فرینڈ لولیا ونترکو بھی لے آئے تھے اور دونوں نے مل کر گانا بھی گایا تھا۔