ممبئی (آن لائن)بالی وڈ دیسی گرل پریانکا چوپڑا اپنے امریکی شو ’کوائینٹیکو‘ کے باعث صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں خوب مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہیں،تاہم اب اس شو کی ایک قسط کے باعث اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا اس وقت اپنے شو کے تیسرے اور آخری سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں،جن کی ایک کے بعد ایک قسط نشر کی جارہی ہے،تاہم مداح حال ہی میں نشر کی گئی ایک قسط کے باعث پریانکا سے کافی ناراض دکھائی دیے،اس قسط میں چند بھارتی کرداروں کو امریکا کے ایک شہر میں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دکھایا گیا،جو اپنے حملے کا ذمہ دار بعدازاں پاکستان کو ٹہھرانے کا منصوبہ بھی کررہے ہیں۔
شو میں دکھایا گیا کہ اداکارہ اپنی ایف بی آئی ٹیم کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو ناکام بنا دیتی ہیں۔اس قسط کے نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی مداحوں نے پریانکا چوپڑا پر اس طرح کے شو میں کام کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے بھارتی مداحوں کا کہنا تھا کہ تو کیا بھارت ایک دہشتگرد ریاست ہے؟،وہ پیسوں کی خاطر اپنے ملک کو بھی نیچا دکھانے کی کوشش کررہی ہیں،پریانکا چوپڑا نے اس طرح کے شو میں کام کرنے سے قبل کچھ سوچا ہی نہیں۔
واضح رہے کہ ’کوائینٹیکو‘ کا پہلا سیزن 2015 میں نشر ہوا، جس کے بعد اب تک اس کے 3سیزنز سامنے آچکے ہیں۔اس شو کے لیے بولی وڈ اداکارہ کو دو مرتبہ پیپلز چوائس ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔