"جوش" میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والے اداکار شرد کپور کس حال میں ہیں؟

Last Updated On 07 June,2018 09:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ فلم انڈسٹری کامیابیوں اور ناکامیوں کی داستان ہے جہاں ہر سال سینکڑوں اداکار اپنی قسمت آزماتے ہیں تاہم ان میں سے چند ایک ہی کامیابی کی دہلیز پر قدم رکھ پاتے ہیں، ان ہی بد قسمت اداکاروں میں سے ایک شرد کپور بھی ہیں۔

شاہ رخ خان اور ایشوریہ کی فلم جوش میں شرد کپور نے ولن کا رول نبھایا، اور ان کی جاندار اداکاری کی فلمی حلقوں میں بے پناہ ستائش کی گئی تاہم وہ کافی فلموں میں اداکاری کے باوجود خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

شرد کپور کے بارے میں کئی باتیں ایسی بھی ہیں جن کے بارے میں عام لوگ بے خبر ہیں، 1976 کو کلکتہ میں پیدا ہونے والے اداکار نے اپنا بالی ووڈ کیرئیر اسسٹنٹ ڈائریکڑ کے طور پر شروع کیا۔ انہوں نے 1994ء میں فلم میرا پیارا بھارت کے ذریعے فلم نگری میں قدم رکھا۔ جس کے بعد انہوں نے کئی یادگار فلموں میں کام کیا، جس میں جوش، جانی دشمن، یہ ہے جلوا اور لکشیا شامل ہیں۔

آپ یہ بات جان کر حیران ہونگے کہ شرد کپود کے فلمی کیرئر کی 20 سے زائد فلمیں ریلیز سے قبل ہی منسوخ ہو چکی ہیں اور وہ اس حوالے سے بھی کافی مقبول ہیں۔ ان کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ پیسے لیکر مختلف سیاسی جماعتوں کی الیکشن کیمپین چلاتے رہے ہیں۔ ان پر الزام لگا کہ انہوں نے کانگرس کی انتخابی مہم چلانے کیلئے فی دن 1 لاکھ وصول کیے۔


فلم نگری میں ناکامی کے بعد شرد کپور بزنس سے وابستہ ہو گئے ہیں، ان کے بنگلور اور ممبئ میں دو ریسٹورنٹ ہیں۔ یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ کوکنگ میں انکی مہارت کے باعث ان کے کاروبار کو خاصی کامیابی حاصل ہوئی۔