مقبوضہ کشمیر میں انسانی ڈھال بنائے جانیوالے کا ’بگ باس‘ میں شرکت سے انکار

Last Updated On 08 June,2018 03:59 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں انسانی ڈھال بنائے جانے والے نوجوان فاروق ڈار نے بالی وڈ اداکار سلمان خان کے مشہور رئیلٹی شو ’بگ باس‘ میں شرکت کی پیشکش ٹھکرا دی۔

گزشتہ سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا واقعہ سامنے آیا تھا جس میں قابض فوج نے پتھراؤ سے بچنے کے لیے کشمیری نوجوان فاروق ڈار کو جیب کے بمپر سے باندھ دیا تھا۔ فاروق ڈار کو بھارتی فوج نے انسانی ڈھال بناکر کئی علاقوں میں گھمایا تھا جب کہ قابض بھارتی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ گرفتار نوجوان پتھراؤ میں ملوث تھا ۔

اب اسی کشمیری نوجوان کی جانب سے بالی وڈ اداکار سلمان خان کے شو’بگ باس‘ کے سیزن 11 میں شرکت کی پیش کش ٹھکرانے کی خبر سامنے آئی ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں فاروق ڈار کا کہنا تھا کہ ’بگ باس‘ کے پروڈیوسرز نے شرکت کے بدلے 50 لاکھ بھارتی روپے دینے کی آفر کی لیکن انہوں نے کسی بھی صورت شو میں شرکت سے انکار کردیا۔

یاد رہے کہ سلمان خان کا مشہور رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کا 11 واں سیزن تھا جس میں کئی متنازع شخصیات نے شرکت کی تھی جس میں بھارتی ماڈل عرشی خان بھی شامل تھیں جنہوں نے شاہد خان آفریدی کے ساتھ تعلقات کا دعویٰ کیا تھا۔