ممبئی: (ویب ڈیسک) جاندار اداکاری کی بدولت بالی وڈ میں الگ پہچان بنانے والے سنجے مشرا 100 سے زائد فلموں میں کام کرنے کے باوجود کسمپرسی کی حالت میں کرائے کے گھر میں رہنے پر مجبور ہیں۔
فلم ’گول مال‘، ’دھمال’ اور’دل والے‘ سمیت 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار سنجے مشرا نے بالی وڈ میں اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔ تاہم آج بھی وہ نہایت کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔سنجے مشرا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ 20 برسوں سے بالی ووڈ میں کام کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود آج بھی کرائے کے گھر میں رہنے پر مجبور ہیں اور ان کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ اپنا ذاتی گھر خرید سکیں۔
سنجے مشرا نے بالی ووڈ میں سپورٹنگ اداکاروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی سے پردہ اٹھاتےہوئے کہا کہ پچھلے کچھ وقت سے سپورٹنگ اداکاروں کی فیس میں کچھ اضافہ ہوا ہے لیکن اب بھی ہمیں ملنے والا معاوضہ اتنا نہیں کہ ہمارا بہتر گزارا ہوسکے۔سنجے مشرا نے اس صورت حال کا ذمہ دار مرکزی اداکاروں کو ٹہراتے ہوئے کہاکہ جب آپ فلم میں ہیرو ہوتے ہیں تو آپ پر سرمایہ کاری کی جاتی ہے اور پیسہ لگایا جاتا ہے پروڈکشن ٹیم کا رویہ بھی بڑے اداکاروں کے ساتھ مختلف ہوتا ہے، جب کہ سپورٹنگ رول کرنے والے اداکاروں کو کہا جاتا ہے کہ آپ کی وجہ سے فلم بک رہی ہے لیکن زیادہ بڑی وجہ فلم کا ہیرو ہے۔
یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ تعلیم یافتہ اداکار سنجے مشرا کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ایک چھوٹے سے ڈھابے پر نوکری کرنی شروع کردی تھی۔ سنجے مشرا 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے جس کے وہ حقدار ہیں۔