ممبئی: (دنیا نیوز) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو ان کی نئی فلم زیرومیں بونا آدمی دکھانے کیلئے کتنے روپے خرچ ہوئے جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان ان دنوں اپنی فلم زیرو کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو حتمی مراحل میں ہے جبکہ فلم میں وہ پہلی بار ایک بونے کا کردار نبھا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم شاہ رخ کا ڈریم پراجیکٹ ہے اور اس کیلئے وہ کافی عرصے سے منصوبہ بندی کررہے تھے یہی وجہ ہے کہ فلم میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے وہ کوئی بھی قیمت دینے کو تیار ہیں۔
فلم کی زیادہ ترشوٹنگ بیرون ممالک میں ہوئی ہے اور اسی سلسلے میں کنگ خان اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ 27 اپریل سے امریکہ میں موجود ہیں تاہم درمیان میں وہ بھارت بھی آتے رہے ہیں۔ حال ہی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو ان کی نئی فلم زیرو میں بونا آدمی دکھانے کیلئے 70 کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ ہوئی ہے۔