لاہور: (ویب ڈیسک) سلمان خان کی گزشتہ سال چھوٹی عید پر ریلیز ہوئی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی اور فلم نے بھارت میں محض 135 کروڑ بھارتی روپے کے لگ بھگ بزنس کیا تھا۔
بالی وڈ اداکار سلمان خان گزشتہ سال عید فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی اب تک نہیں بھول پائے ہیں اور اب انہوں نے ایک سال بعد فلم کے ڈسٹری بیوٹرز پر غصے کا اظہار کیا ہے۔ فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی پر ڈسٹری بیوٹرز کو بھی کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا جس کے بعد سلو میاں نے انہیں 35 کروڑ سے زائد کی رقم واپس کی۔
اب فلم ’ریس 3‘ سے سلمان خان فلم ڈسٹری بیوشن میں بھی قدم رکھ رہے ہیں اور فلم کی تشہیری مہم میں انہوں نے ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی کے بعد ڈسٹری بیوٹرز کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔ فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی کے بعد ڈسٹری بیوٹرز کے رویے سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ بڑی عجیب بات ہے کہ دسٹری بیوٹرز کاروبار میں رسک بھی نہیں لیتے، آپ نے 15 فلموں میں کما لیا اور ایک فلم میں گنوا دیا تو آپ سیدھا گھر پہنچ گئے۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ اس بار کسی کو پیسے نہیں دیں گے ، وہ پیسے اب ہمارے پاس ہی رہیں گے اور اگلی بار جس نے بھی پیسے مانگے ان کے ساتھ کام نہیں کروں گا۔