امریکی گلوکار ایکس ٹینٹاسن ڈکیتی کے دوران قتل

Last Updated On 19 June,2018 02:42 pm

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست جنوبی فلوریڈا کے مقبول ریپ گلوکار ایکس ٹینٹاسن کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز 20 سالہ گلوکار ایکس ٹینٹاسن کوایک مسلح مشتبہ شخص نے شوروم سے نکلتےہوئے گولی مار کر قتل کیا، گولی لگنے کے فوراً بعد انہیں فورٹ لارڈیل ایریا اسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے حادثے کو ڈکیتی کا واقعہ قراردے دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹینٹاسن اپنی کار میں جارہے تھے، واقعہ کی مکمل تفتیش کی جارہی ہے۔

ایکس ٹینٹاسن کااصل نام جہاسے ڈوئن اونفری تھا، ان کا شمار امریکا کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے اور وہ اس ہفتے امریکی ٹاپ 50 چارٹ میں بھی شامل تھے، ان کے کئی گانے اس حد تک مقبول ہوئے تھے کہ انہیں پلاٹینم قراردیاگیا تھا جن میں ’چینجز‘، ’رول ان پیس‘ شامل ہیں۔ تاہم جہاں ٹینٹاسن امریکا کی مقبول ترین شخصیت تھے وہیں وہ بہت سارے تنازعات کا بھی شکار تھے۔ برطانوی اخبار کے مطابق ان پرگھریلو تشدد کے بھی الزامات لگتے رہے ہیں، 2016 میں انہیں اپنی حاملہ گرل فرینڈ پر تشدد کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔