ممبئی (دنیا نیوز ) کینسر کے مرض میں مبتلا بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان نے اپنے مداحوں کو خط لکھا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے منزل قریب ہے اور سفر تمام ہوا ۔ بھارتی میڈیا میں ان کے خط کے چرچے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار عرفان خان نے مارچ میں اپنے مداحوں کو اپنی بیماری نیورو اینڈوکرائن ٹیومر کی اطلاع دی تھی۔ ان دنوں علاج کے لئے برطانیہ میں ہیں، انہوں نے اپنے مداحوں کے نام ایک جذباتی خط لکھا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ انہوں نے اپنی بیماری کو تسلیم کرکے اس کے آگے ہتھیار ڈال دئیے۔
عرفان کہتے ہیں وہ کچھ عرصہ پہلے تک زندگی کو ایسا محسوس کرتے تھے جیسے وہ کسی تیز رفتار ٹرین میں سوار ہوں جو انہیں ان کے خوابوں، خواہشوں، خوشیوں اور منصوبوں کے سفر پر لیے جا رہی تھی، اچانک کسی نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور کہا آپ کی منزل آنے والی ہے، آپ نیچے اتر جائیں ،
عرفان نے اعتراف کیا کہ بیماری کی تشخیص کے بعد انہیں تکلیف سے گزرنا پڑا، اب وہ خوف اور درد ایک ساتھ محسوس کرتے ہیں، مجھے لگا میری حیثیت سمندر میں تیرتے لکڑی کے ٹکڑے کی سی ہے جو موجوں کے رحم و کرم پر ہے لیکن بے یقینی ہی دراصل سب سے بڑی حقیقت ہے، خود کو اس حقیقت کے حوالے کرنے اور نتیجے سے بے نیاز ہونا ہی میری طاقت بن گیا، اصل میں آزادی کیا ہے اس کا احساس مجھے اب ہوا، دنیا بھر سے لوگ میرے لئے دعا کرتے ہیں اس سے مجھے طاقت ملتی ہے۔