ہالی وڈ کی تاریخ کے منفرد اداکار برٹ رینالڈز چل بسے

Last Updated On 07 September,2018 12:35 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ کی تاریخ کے لازوال اور منفرد کردار نبھانے والے اداکار برٹ رینالڈز 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، طبیعت خراب ہونے پر فلوریڈا کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں جانبر نہ ہو سکے۔

فٹ بال کے میدان سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے برٹ رینالڈز نے 70 کی دہائی کی کئی مشہور فلموں میں کام کیا۔ 80 کی دہائی میں کئی فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔ وہ ہالی وڈ کی تاریخ کے بہترین اداکاروں میں شمار کئے جاتے تھے۔ کرشماتی شخصیت کے مالک برٹ رینالڈز کچھ عرصے سے علیل تھے۔ رینالڈز گولڈن گلوب ایوارڈ یافتہ اداکار تھے، تاہم وہ بہترین معاون اداکار کی حیثیت سے آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

برٹ رینالڈز نے 1981 میں فلوریڈا اسٹیٹ یونی ورسٹی سے اعزازی ڈگری بھی حاصل کی۔ رینالڈز نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ٹی وی شوز ’’گن اسموک‘‘ اور ’’ڈین اگست‘‘ جیسے مشہور پروگرامز سے کیا، تاہم انہیں شہرت 70 کی دہائی میں بننے والی فلم ’’ڈیلیورنس‘‘ کے کردار لیوس میڈلاک سے ملی۔ برٹ رینالڈز کے کیریئر میں 200 سے زائد فلمیں، ٹی وی پروگرامز شامل ہیں، جب کہ وہ کئی ملٹی پل اسٹار فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے، جس میں 1974 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم ’’دی لانگسٹ یارڈ‘‘ اور 1977 میں ’’سموک اینڈ دی بینڈٹ‘‘ شامل ہے۔ سال 1996 میں ’’سٹرپٹیز‘‘ اور 1997 میں ’’بوگی نائٹز‘‘ نے بھی شہرت حاصل کی، جو انہیں آسکر تک لے گئی۔

برٹ رینالڈز کی زندگی کی دو اہم فلمیں رواں سال اور اگلے سال 2019 میں ریلیز ہونگی۔ ونس آپون آ ٹائم ان ہالی ووڈ میں رینالڈز کے ساتھ لیونارڈو ڈی کیپریو، بریڈ پٹ اور مارگوٹ روبی نے بھی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں ہیں۔ برٹ رینالڈز اس سے قبل 2010 میں دل کی سرجری بھی کراچکے تھے۔ رینالڈز کے مینجر کا سی این این سے گفت گو میں کہنا تھا کہ برٹ کے دل میں لگنے والے پائپ اچھی حالت میں تھے۔