کنگنا نے ہدایتکاروکاس بہل پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کر دیا

Last Updated On 08 October,2018 07:07 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو معروف اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار نانا پاٹیکر اور فلم ہدایت کار وویک اگنی ہوتری پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد اب کنگنا رناوٹ نے بھی اس حوالے سے خاموشی توڑ دی۔

31 سالہ اداکارہ اگرچہ پہلے بھی خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کرتی آئی ہیں، تاہم اب انہوں نے نہ صرف دیگر خواتین بلکہ خود اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر کھل کر بات کی ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے فلم کوئین کے ہدایتکار وکاس بہل پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے صرف مجھے ہی نہیں بلکہ دیگر خواتین کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا ہے ۔

کنگنا رناوٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ ہدایت کار وکاس بہل نے انہیں 4 سال قبل فلم ‘کوئین’ کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا۔ ساتھ ہی کنگنا رناوٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وکاس بہل نے 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بمبے ویلوٹ’ کی شوٹنگ کے دوران اپنی فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹوم’ کی خواتین ملازموں کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا۔

دوسری جانب نشریاتی ادارے ‘ہفنگٹن پوسٹ انڈیا’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کنگنا رناوٹ نے انکشاف کیا کہ وکاس بہل نے 2015 میں فلم ‘بمبے ویلویٹ’ کی شوٹنگ کے دوران اپنی فلم پروڈکشن ‘فینٹوم’ کی خواتین ملازموں کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا۔کنگنا رناوٹ کے مطابق انہوں نے خواتین ملازموں کا ساتھ دیا، جس کی انہیں قیمت بھی چکانی پڑی۔ اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے پروکاس بہل کے خلاف آواز اٹھانے کی انہیں قیمت چکانی پڑی اور انہیں فلموں میں کام نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب گلوکار کیلاش کھیر پر بھی ایک بھارتی صحافی نتاشا نے جنسی ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 2006 میں جب وہ کیلاش کھیر کے گھر ان کا انٹرویو لینے گئی تھیں تو اس دوران کیلاش نے انہیں نامناسب انداز میں چھواتھا۔

ہولی وڈ اداکاراؤں کی جانب سے گزشتہ برس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں مرد ہدایت کاروں اور اداکاروں پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات لگانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ہولی وڈ کی متعدد معروف اداکاراؤں نے اپنے ساتھ ہونے والی ذیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی اور اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کو سامنے لائیں۔ اب ہولی وڈ کے بعد بولی وڈ اداکارائیں بھی اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر کھل کر بات کرنے لگی ہیں، اگرچہ بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی گزشتہ برس سے یہ سلسلہ جاری تھا۔ تاہم گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے اس میں شدت آگئی ہے۔