ایشوریا پر تشدد سے متعلق سلمان خان کی وضاحت

Last Updated On 09 October,2018 05:23 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) یہ بات سب پر عیاں ہے کہ ماضی میں بالی ووڈ کے دبنگ خان سلمان خان اور سابق ملکہ حسن ایشوریارائے بچن کے تعلقات کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں خاصی گہما گہمی رہی تاہم اس طوفانی اور دھواں دار عشق کا انجام نہایت المناک انداز میں ہوا تھا۔

بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی ماضی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اداکارہ ایشوریا رائے پر تشدد سے متعلق وضاحت دیتے نظرآ رہے ہیں۔

2002 میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں ایشوریارائے نے سلمان خان پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سلمان خان انہیں فون کرکے نہ صرف بہت ہی فضول باتیں سناتے ہیں بلکہ انہوں نے مجھ پر میرے ساتھی اداکاروں کے ساتھ تعلقات کا الزام بھی لگایاتھا اور ایک بار تو سلمان خان نے مجھ پر تشدد بھی کیا لیکن خوش قسمتی سے اس تشدد کے کوئی نشانات میرے جسم پر نہیں آئے اور میں نے ایسے ظاہر کیا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ اس واقعے کے بعد میں نے سلمان خان سے تعلقات ختم کرلیے۔

اس حوالے سےسلمان خان کے ماضی کے انٹرویوکی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ایشوریا پر تشدد سے متعلق وضاحت دیتے نظر آرہے ہیں۔ سلمان خان نے صحافی کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا بہت عرصہ پہلے ایک اور صحافی نے مجھ سے یہی سوال پوچھا تھا تو میں نے ٹیبل کو مارنا شروع کردیا اور ٹیبل ٹوٹ گیا، میرے کہنے کا مطلب ہے اگر میں نے واقعی ایشوریا کو مارا ہوتا تو وہ زندہ نہیں بچتیں۔

 

واضح رہے کہ بالی ووڈ میں’’می ٹو‘‘مہم کے تحت بہت سی اداکارائیں اپنے ساتھ ہونے والے نارواسلوک پر آواز اٹھاتی نظر آرہی ہیں سلمان خان کی یہ ویڈیو بھی ’’می ٹو‘‘ مہم کے بعد ہی سامنے آئی ہے۔