کراچی(ویب ڈیسک) اداکار فواد خان نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے نہ پلانے پر اپنے خلاف مقدمہ درج کئے جانے پر خاموشی توڑ دی ہے۔گزشتہ روز لاہور میں فواد خان کے خلاف بچوں کو پولیو کے قطرے نا پلانے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔
گزشتہ روز لاہور میں فواد خان کے خلاف بچوں کو پولیو کے قطرے نا پلانے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جب کہ پاکستان میں پولیو مہم کے فوکل پرسن بابر عطا نے سوشل میڈیا پر فواد خان کی اہلیہ صدف کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا ’’مسزفواد خان اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک کا ہر بچہ پولیو سے محفوظ رہے۔ ‘‘
دوسری جانب فواد خان کی بیٹی کی ویکسی نیشن رپورٹ کے مطابق فواد خان کی بیٹی کی ویکسی نیشن مکمل ہے اور حمید لطیف ہسپتال سے پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں فواد خان کی اہلیہ صدف فواد کا کہنا ہے کہ فواد خان امریکہ میں ہیں اور جس وقت پولیو کی ٹیم گھر آئی وہ بچوں سمیت گھر سے باہر تھیں، پولیو ٹیم کی ڈرائیور سے بحث ہوئی اور انہوں نے ایف آئی آر درج کروادی۔
اس حوالے سے فواد خان کی جانب سے بھی وضاحت جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جس وقت پولیوٹیم ان کے گھر آئی اس وقت فواد خان اور ان کی اہلیہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ فواد خان ان دنوں پاکستان میں موجود نہیں ہیں وہ 13 فروری کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیےدبئی گئے تھے اور اس وقت وہ امریکا میں ہیں۔ انہیں ایف آئی آر سے متعلق میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے۔
فواد خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ملک میں جاری پولیو مہم کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس کے علاوہ وہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ہدایات سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ میری بیٹی کو حفاظتی ٹیکے وقت پر لگائے جاتے ہیں اور اس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ فواد خان اس واقعے کے خلاف ان کی شہرت کو ٹھیس پہنچانے پر مناسب کارروائی کرنے کا مکمل اختیار رکھتے ہیں۔
Press release by #FawadKhan s public relations team. pic.twitter.com/hjuf2TClHR
— Fawad Khan FC (@TeamFawadAKhan) February 20, 2019
واضح رہے کہ لاہور کے فیصل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پولیو رضاکاروں کے ساتھ تعاون نا کرنے پر فوادخان سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیاتھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اداکار کی جانب سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا گیا تھا اور سرکاری کام میں مداخلت کرنے پر فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔