نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا پر دھوکہ دہی کا الزام لگ گیا جس کے بعد اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دبنگ گرل سوناکشی سنہا نئی کامیڈی فلم ’خاندانی شفا خانہ‘ کی تشہیر اور ایکشن کامیڈی فلم ’دبنگ تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاہم مداحوں کے لیے بری خبر ہے کہ اداکارہ پر دھوکہ دہی کا مقدمہ دائر کر کے تفتیش شروع کردی گئی۔
سوناکشی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شو میں پرفارمنس کرنا تھی اور شو میں پرفارمنس کے لیے 24 لاکھ بھی لیے تھے تاہم پیسے لینے کے باوجود شو میں پرفارمنس کرنے سے انکار کردیا تھا۔ پیسے لینے کے باوجود شو میں پرفارمنس نہ کرنے کے الزام کے تحت ہی اداکارہ کے خلاف بھارتی ریاست اتر پردیش میں مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوناکشی کیخلاف ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں دھوکہ دہی کا مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد پولیس اداکارہ کے گھر بھی گئی تاہم اداکارہ رہائش گاہ پر موجود نہیں تھیں۔
یو پی پولیس نے ممبئی پولیس کی مدد سے سوناکشی کے گھر کا دورہ کیا جہاں پولیس نے ملازمین کا بیان ریکارڈ کیا اور پولیس کئی گھنٹوں تک اداکارہ کا انتظاربھی کرتی رہیں۔ طویل انتظار کے باوجود اداکارہ کے نہ آنے پر پولیس سوناکشی کی رہائش سے چلی گئی تاہم امکان ہے کہ پولیس ایک بار پھر اداکارہ کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے ان کے گھر کا دورہ کرے گی۔