ورلڈکپ سیمی فائنل ہارنے پر بالی ووڈ سٹارز بھارتی ٹیم کی حمایت میں آ گئے

Last Updated On 11 July,2019 03:34 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سٹارز کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل ہارنے کے بعد بھارتی ٹیم کی حمایت میں سامنے آ گئے۔

 

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عامر خان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارتی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ بس آج ہمارا دن نہیں تھا۔

ٹوئٹر پر پیغام میں اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ میرے لئے بھارت پہلے ہی ورلڈکپ جیت گیا تھا جب اُس نے ٹاپ ٹیم کی حیثیت سے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ ٹیم میچ میں بہت اچھا کھیلی مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق دوسری طرف اداکار عامر خان کی طرح ورون دھون، سوناکشی سنہا، بپاشا باسو، ایوشمن کھرانہ اور دیگر بھی اپنی ٹیم کی حمایت میں آئے اور ٹیم کا حوصلہ بڑھانے لگے۔

اداکار رشی کپور کا کہنا تھا کہ آج نیوزی لینڈ اور بھارت دونوں نے اچھی کرکٹ کھیلی۔

ایوشمن کھرانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے، ہماری ٹیم لڑ کر ہاری۔

 

ہدایتکار کرن جوہر کا کہنا تھا کہ آج ہماری ٹیم کو نظر لگ گئی، لڑکوں نے آج میچ کے دوران جان لڑائی، ہمیں صرف ہار کو ہی نہیں دیکھنا چاہیے۔

 

بپاشا باسو کا کہنا تھا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی ٹیم کو ’’آل دی بیسٹ‘‘ کہوں گی۔ مجھے کوہلی الیون پر فخر ہے، آج کا دن کرکٹ میں ہمارے لیے برا دن تھا، دھونی اور جڈیجا نے شاندار بیٹنگ کی۔

سدارتھ کا کہنا تھا کہ ہم لڑ کر ہارے، ہم نے شروع میں ہی ہتھیار نہیں پھینکے، نیوزی لینڈ شاندار میچ کھیلی۔ میرے لیے بہت مشکل تھا کہ میچ دیکھوں کیونکہ میچ کے دوران میرا دل بہت تیزی سے دھڑک رہا تھا۔