نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی اداکارہ انوشکا شرما نے کہا کہ میں نے چھوٹی عمر میں ہی ویرات کوہلی سے شادی کر لی۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ویرات سے 29 سال کی عمر میں ہی شادی کر لی کیونکہ میں اپنے شوہر سے بے پناہ پیار کرتی تھی اور ہوں، شادی انسان کی زندگی میں قدرتی پیشرفت کا نام ہے جس میں انسان ہر لحاظ سے آگے بڑھنے کے عمل سے گزرتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 29 سال کی عمر میں شادی کرنا اداکاراوں کے لیے بہت جلد شادی کر لینے اور کیریئر کو داؤ پر لگا دینے کے مترادف ہوتا ہے، اس عمر میں اداکارائیں کیریئر کے عروج پر ہوتی ہیں مگر میں نے مصروف ترین زندگی میں سے شادی کے لیے وقت نکالا اور جلدی شادی کی۔
انوشکا شرما کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے عوام ہمیں بس سکرین پر اداکاری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، اداکاروں کی نجی زندگی کے بارے میں کوئی نہیں سوچتا کہ کیریئر کے دوران ہماری شادی اور بچے بھی ہو سکتے ہیں، اس معاملے میں ہماری فلم انڈسٹری کافی حد تک بدل گئی ہے، اب عوام کو بھی اپنی ذہنیت کو بدلنا ہو گا۔