لندن: (روزنامہ دنیا) سین میں ایک معروف اداکار ہیں جنہوں نے مشہور فلموں اور ٹی وی سیریلز میں کام کیا ہے، وہ گیم آف تھرون میں مارے گئے، لارڈ آف دی رنگ میں بھی فوت ہوئے اور گولڈن آئی میں ایلس کا کردار نبھاتے ہوئے بھی انہیں مرنا پڑا تاہم اب انہوں نے مزید مرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام فلموں اور ٹی وی سیریل میں وہ مجموعی طور پر 23 مرتبہ مر چکے ہیں اور اب انہوں نے سکرین پر موت کے مزید کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے سین بین نے کہا کہ اب وہ ایسے سکرپٹ قبول نہیں کریں گے جس میں انہیں آخر کار مرنا پڑے کیونکہ لوگ یہی سمجھنے لگے ہیں جلد یا بدیر میں سکرین پر دم توڑ دوں گا۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ چاہے فلم میں مجھے کتنا ہی زخمی کیوں نہ کر دیں لیکن مجھے جان سے نہ مارا جائے، اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے بہت سی فلموں میں خطرناک فلموں کے کردار ادا کئے ہیں جنہیں لا محالہ آخر میں مرنا ہی ہوتا ہے۔ خود بین سین کے مداح بھی ان کے مرنے سے تنگ آ چکے ہیں اور انہوں نے مل کر 2014 میں #dontkillseanbean (سین بین کو مت مارو) کے ہیش ٹیگ سے ایک مہم بھی چلانی شروع کر دی تھی۔
سین بین آخری مرتبہ فلم گیم آف تھرون میں مارے گئے تھے، فلم میں ان کا نام نیڈ سٹارک تھا جس کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ اب تک وہ دی فیلڈ، لورنا ڈون، کلاریسا، سکرین ون ، ٹیل میں دیٹ یو لو می، پیٹریاٹ گیمس، سکارلیٹ، گولڈن آئی، ایئربورن، لارڈ آف رنگز، دی آئی لینڈ، ہچر، آؤٹ لا، فار نارتھ اور دیگر فلموں میں مر چکے ہیں۔
سین بین نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق اگر مرنا بھی ہو تو کوئی مضائقہ نہیں تاہم کچھ احساسات کی بنا پر میں اب ایسے کردار قبول نہیں کروں گا، امید ہے کہ فلم ساز بھی میری اس خواہش کا احترام کرتے ہوئے کسی ایسے کردار کی پیشکش نہیں کرینگے۔