ملتان: (دنیا نیوز) ماڈل و اداکارہ قندیل بلوچ قتل کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم وسیم کو عمرقید کی سزا سنا دی تاہم مفتی عبدالقوی سمیت دیگر ملزمان کو شک کی بنا پر بری کر دیا گیا۔
فیصلہ ملتان کی ماڈل کورٹ نے سنایا جو گزشتہ روز محفوظ کیا گیا تھا۔ عدالت نے ملزم مفتی عبدالقوی کو بھی بری کر دیا ہے جبکہ مقتولہ قندیل بلوچ کے حقیقی بھائی ملزم وسیم کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
معروف ماڈل قندیل بلوچ کو 15 اور 16 جولائی 2016 کی درمیانی شب مبینہ طور پر بھائی وسیم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا، پولیس نے قتل کا مقدمہ قندیل بلوچ کے والد عظیم ماڑھا کی مدعیت میں نامزد ملزمان محمد وسیم، ظفر اقبال ، حق نواز، عبدالباسط، اسلم شاہین، عارف، مفتی عبدالقوی کے خلاف درج کیا تھا۔
عدالت میں قندیل بلوچ کے والدین نے بیٹوں کو معاف کرنے کی بھی درخواست دی جسے عدالت نے خارج کر دیا تھا۔