مسئلہ کشمیر پر بات سے انکار، مہوش حیات پر تنقیدی نشتر برس پڑے

Last Updated On 01 October,2019 01:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) صدارتی تمغہ امتیاز لینے والی مشہور اداکارہ مہوش حیات جو ماضی میں ہمیشہ سیاسی امور، حقوق نسواں اور مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کرتی ہیں تاہم ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کشمیر کے سوال پر جواب دینے سے گریزاں ہیں، جس کے بعد ہر کوئی انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ ایونٹ کے دوران مسئلہ کشمیر پر بات کرنے سے انکار کرتی نظر آئیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مہوش حیات ایونٹ میں موجود ہیں جبکہ صحافی کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سوال کیا کہ جیسے انہوں نے یتیموں کی کفالت کا ذمہ اٹھایا ہے، کیا وہ کشمیر کے بچوں کی کفالت کا بھی ذمہ اٹھائیں گی؟ جس کے جواب میں اداکارہ مہوش حیات نے جواب سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے مسئلہ کشمیر پر بات کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

ویڈیو جیسے ہی وائرل ہوئی تو اداکارہ پر تنقیدوں کے نشتر برسنا شروع ہو گئے ہیں اور ہر کوئی تنقید کر رہا ہے جس کے بعد اداکارہ مہوش حیات نے ٹویٹر پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے وضاحت کی ہے۔

 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سیاق و سباق سے ہٹ کر لی جا رہی ہے، میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کرتی آرہی ہوں اور کرتی رہوں گی، میرے آگے کے بہت بڑے منصوبے بھی ہیں۔

مہوش نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ یہ ایک فلاحی تقریب تھی اور مجھ سے درخواست کی گئی تھی کہ میں سیاسی گفتگو سے پرہیز کروں، تاکہ ان یتیم بچوں سے توجہ نہ ہٹے جن کی مدد کرنے میں اس ایونٹ میں پہنچی تھی۔