ملتان: (دنیا نیوز) ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار ملزم عارف نے ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی۔
دنیا نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ انٹر پول نے کارروائی کرتے ہوئے مفرور اور اشتہاری ملزم عارف کو گرفتار کیا تھا، مقتولہ کے بھائی ملزم عارف کو گرفتار کرنے کے بعد ملتان کے مقامی پولیس تھانہ مظفر آباد کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ عدالت نے سعودی عرب میں مقیم ملزم عارف کو اشتہاری قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ کیس کے مر کزی ملزم وسیم کو عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ عارف کو بیرون ملک ہونے کے باعث اشتہاری قرار دیا گیا تھا جسے گرفتار کر کے ملتان منتقل کر دیا گیا تھا۔
عدالت میں چلنے والے کیس کے باعث ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار ملزم عارف نے اب درخواست ضمانت دائر کر دی ہے، درخواست کے بعد عدالت نے پولیس تھانہ مظفر آباد سے 28 اکتوبر کو رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم عارف نے سیشن کورٹ ملتان میں درخواست ضمانت دائر کی، سردار شہریار محبوب ایڈوکیٹ کے توسط سے درخواست ضمانت دائر کی گئی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ قندیل بلوچ کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا الزام غلط ہے۔