لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور گلوکار عاطف اسلم کو دبئی میں ’’واک آف فیم‘‘ کا حصہ بن گئے جس پر گلوکار خوشی سے سرشار ہو گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کے گلوکار عاطف اسلم اپنی آواز سے دنیا بھر میں جادو جگاتے ہیں اور ہر کوئی ان کا نیا البم اور گانا سننے کے لیے بے تاب رہتا ہے، چند روز قبل انہوں نے ایک حمد پڑھی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور ہر کوئی انہیں داد دے رہا تھا۔
تاہم اب خبر دبئی سے آئی ہے، گلوکار عاطف اسلم غیر معمولی کام کی بدولت واک آف فیم کا حصہ بن گئے جہاں انہیں انکا اپنا سٹار بھی دیا گیا۔ گلوکار حال ہی میں وہاں ایک تقریب کا حصہ بنے، جہاں تمام شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا جنہوں نے اپنی اپنی فیلڈز میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا۔
دبئی سٹار انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں عاطف اسلم کو پاکستان کے بہترین گلوکاروں میں سے ایک ٹھہرایا گیا۔
اداکار کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ عاطف اسلم نے خود بھی اپنے سٹار کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
اس دوران گلوکار دی دبئی سٹارز کی پریس کانفرنس کا حصہ بھی بنے، میڈیا سے بات کرتے ہوئے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ میوزک نے ہمیشہ ہی لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑا ہے، میں ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو میرے اس سفر میں میرے ساتھ رہے۔
انہوں نے اپنے مستقبل کے منصوبے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ میں یہاں موجود تمام اہم شخصیات سے مل کر بے حد خوش ہوں، میں میوزک کی فیلڈ میں آگے کام کرنا چاہتا ہوں، میں یہاں موجود تمام شخصیات کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں، تاکہ ان کی ثقافت کو جان سکوں۔