لندن: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کے اداکار جارج کلونی کی اہلیہ قانون دان اور انسانی حقوق کی کارکن امل کلونی کی بہن تالا علم الدين کو 3 ہفتے کیلئے قید کی سزا سنا دی گئی۔
برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق گرفتار ہونے والی تالا علم پر الزام ہے کہ انہوں نے سنگا پور میں نشے کی حالت میں گاڑی چلائی تھی، دوران ڈرائیونگ ان کے پاس وہاں کا لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق تالا علم الدین کو تین ہزار 640 برطانوی پاؤنڈ (تقریباً ساڑھے سات لاکھ روپے) جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا گیا جبکہ جیل سے رہائی کے بعد 4 سال تک ڈرائیونگ کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تالا علم الدین سنگاپور میں گرفتاری سے قبل اپنے شوہر کی بی ایم ڈبلیو ایکس ایس گاڑی چلا رہی تھی، جسکے باعث انکے شوہر کے خلاف بھی کارروائی مہو سکتی ہے۔
امل کلونی کی بہن سنگاپور کے ایک ریسٹورنٹ میں اپنی دوست کے ہمراہ شراب نوشی کررہی تھی، جس کے بعد رات کے 2 بجے وہ اپنی دوست کو گھر چھوڑنے کے لیے گاڑی چلا رہی تھی جس کے بعد پولیس نے انہیں روک کر گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق تالا کی سانس کا ٹیسٹ لیا گیا تو پتا چلا کہ وہ نشے کی حالت میں گاڑی ڈرائیو کررہی تھی۔
یاد رہے کہ امل کلونی کی بہن تالا شادی کے بعد نیویارک سے سنگاپور منتقل ہوئیں تھی، ان کا اپنا فیشن برینڈ ٹوٹلی تالا سنگاپور میں کافی معروف ہے۔ 2013 میں بھی انہیں سنگاپور میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر سزا مل چکی ہے۔