نیویارک: (روزنامہ دنیا) ایک مدت تک مداحوں کو یاد رہ جانے والی شہرہ آفاق فلم ‘ٹرمینیٹر ٹو’ اپنی کہانی کا سلسلہ جوڑتے ہوئے جلد ہی نمائش کیلئے پیش کر دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کے سیکوئل ٹرمینیٹر ڈارک فیٹ میں آرنلڈ شوارزنیگر اور لِنڈا ہیملٹن دونوں ہی شامل ہیں۔ ان کی آمد سے ٹرمینیٹر کی دو کامیاب ترین فلموں کی یاد تازہ ہو جاتی ہے تاہم آپ کے دونوں پسندیدہ کردار کسی میک اپ کے بغیر بہت بوڑھے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس مرتبہ معاملہ تھوڑا مختلف ہے کیونکہ ٹرمنیٹر کا ہدف ایک لڑکی ڈینی ہے جس کا کردار نٹالیا رائس نے ادا کیا ہے اور ٹرمنیٹر کا کردار گھوسٹ رائیڈر کے مشہور اداکار گیبریئل لونا نے نبھایا ہے۔ اس بار62 سالہ لِنڈا ہیملٹن، ڈینی کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کرتی دکھائی دیتی ہے۔ انسانوں کو ختم کرنے کے مشن پر آئے دشمن روبوٹ تیزی سے اپنے کلون بناتے ہیں جن کو تباہ کرنا انتہائی مشکل کام دکھائی دیتا ہے جس کے سبب ایک نہ رکنے والا تصادم فلم میں نظر آئے گا۔