لاہور: (ویب ڈیسک) نجی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والا ڈرامہ ''میرے پاس تم ہو'' ان دنوں ناظرین میں بہت مقبولیت حاصل کر چکا ہے اور ہر طرف اسی کا چرچا ہے۔ ایک طرف ڈرامے کی کہانی اور اس کے کرداروں کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے تو وہیں اس پر منفی تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے قلم سے نکلے اس سیریل کو مشہور ہدایت کار ندیم بیگ نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ ہمایوں سعید، عائزہ خان، عدنان صدیقی اور سیش سجاد اس میں اپنے فن اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
اس ڈرامے کی کہانی ایک مڈل کلاس فیملی سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازم دانش (ہمایوں سعید) کی ہے جو اپنی اہلیہ مہوش (عائزہ خان) اور بیٹے رومی (سیش سجاد) کے ساتھ ہنسی خوش زندگی بسر کر رہا ہوتا ہے کہ اچانک ان کی زندگی میں شہوار (عدنان صدیقی) کی انٹری ہوتی ہے جس کی وجہ سے اس کا ہنستا بستا گھر اجڑ جاتا ہے۔
اس ڈرامے میں رومی کا کردار ادا کرنے والے بچے کا نام سیش سجاد ہے جس کی فطری اداکاری کو ناظرین بہت پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ ڈرامے کی اب تک نشر ہونے والی قسطوں سے اندازہ ہو رہا ہے کہ یہ کردار مزید مضبوطی سے سامنے آئے گا کیونکہ اس میں دکھایا گیا ہے کہ خاوند اور بیوی کے درمیان طلاق کے بعد ان کے بچے پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔
ننھے اداکار سیش سجاد کی بات کی جائے تو وہ اس سے قبل بہت سی کمرشل میں آ چکے ہیں۔ اس ڈرامے میں ہمایوں سعید جہاں ایک اچھے شوہر کے روپ میں جلوہ گر ہوئے ہیں تو وہیں دکھایا گیا ہے کہ طلاق کے بعد اپنے اکلوتے بیٹے کی بھی تمام تر ذمہ داریاں ان پر آ چکی ہیں۔ ڈرامہ جیسے جیسے آگے بڑھے گا، ناظرین امید کر رہے ہیں کہ اس میں رومی کا کردار مزید کھل کر سامنے آئے گا۔