منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں ٹریفک حادثے کے دوران 19 کسان زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 22 کے قریب زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق حکومت کی طرف سے سبسڈی میں فراہم کردہ بیج لیکر کسان ٹرک میں واپس گاؤں جارہے تھے کہ پہاڑی علاقے میں ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ٹرک 65 فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثے میں ڈرائیور سمیت 19 کسان ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جبکہ باقی افراد کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔ ٹرک میں بیج کی بوریوں کے ساتھ 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرک کے بریک فیل ہوگئے تھے جبکہ بیج کے بوریوں کے باعث ٹرک کا وزن بھی بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور کے قابو میں نہیں رہا۔
پولیس کے مطابق اس حادثے کے دوران 20 افراد زخمی ہوئے جن کی حالت کافی تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ستمبر میں بھی ایک افسوسناک حادثہ ہوا تھا جس میں بچوں سمیت 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، یہ حادثہ جنوبی فلپائن کے علاقے تبولی میں پیش آیا تھا۔