ٹوکیو: (ویب ڈیسک) تاریخ میں پہلی بار تھائی لینڈ کی دو شیزہ نے ’’مس انٹرنیشنل‘‘ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی سطح پر خواتین کی خوبصورتی کے ہونے والے دنیا کے 4 بڑے مقابلوں میں سے ایک مقابلے میں پہلی مرتبہ تھائی لینڈ کی دوشیزہ نے مس انٹرنیشنل کا اعزاز حاصل کرلیا۔
]خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مقابلہ ’مس ورلڈ، مس یونیورس اور مس ارتھ‘ کے بعد خوبصورتی کا سب سے بڑا مقابلہ مانا جاتا ہے، دنیا کے 80 سے زائد ممالک کی حسینائیں حصہ لیتی ہیں۔
رواں برس کا مس انٹرنیشنل مقابلہ بھی ہر سال کی طرح جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہوا جس میں دنیا بھر کی 81 دوشیزاؤں نے شرکت کی۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی وینزویلا، میکسیکو، برازیل، کیوبا، کولمبیا، امریکا یا پھر جنوبی افریقہ یا فلپائن کی حسینہ مس انٹرنیشنل منتخب ہو جائیں گی۔ لیکن پہلی بار تھائی لینڈ کی دوشیزہ نے اپنی خوبصورتی اور اداؤں سے دیگر ممالک کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
مس انٹرنیشنل کی ویب سائٹ کے مطابق 59 ویں سالانہ مقابلے میں پہلی بار تھائی لینڈ نے میدان مار لیا۔ مس انٹرنیشنل کا اعزاز تھائی لینڈ کی 25 سالہ فارماسسٹ سریتھورن بنٹ نے اعزاز حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔
مس انٹرنیشنل کے مقابلے کا آغاز 1960 میں کیا گیا تھا اور تھائی لینڈ کی کوئی بھی دوشیزہ اس مقابلے کی فاتح نہیں ہوئی تھیں۔ ماضی میں تھائی لینڈ کی حسینائیں اس مقابلے کے فائنل راؤنڈز تک تو پہنچ جاتی تھیں، تاہم وہ کبھی بھی مقابلے کی فاتح نہیں ہوئیں۔
سریتھورن بنٹ کی جانب سے مقابلہ جیتنے کے بعد تھائی لینڈ میں جشن کا سا سماں ہے اور مقامی میڈیا نے ان کی جیت کی خبر کو صفح اول پر شہ سرخی کے طور بھی شائع کیا۔ سریتھورن بنٹ رواں برس ہی ’مس تھائی لینڈ‘ منتخب ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے انہیں مس انٹرنیشنل کے مقابلے میں بھیجا گیا۔ فائنل میں سریتھورن بنٹ نے میکسیکو، یوگنڈا، کولمبیا اور برطانیہ کی حسیناؤں کو شکست دی۔
فائنل میں میکسیکو کی دوشیزہ اینڈریا ٹوسکانو فرسٹ رنر اپ، یوگنڈا کی حسینہ ایولین نماتو سیکنڈ رنر اپ، کولمبیا کی دوشیزہ ماریا الیگزینڈرا تھرڈ رنر اپ اور برطانیہ کی ہیروٹ لین فورتھ رنر اپ قرار پائیں۔