لاہور: (ویب ڈیسک) اداکاری چھوڑنے والی رابی پیر زادہ نے ٹویٹر پر پینسل سے بنائی گئی خانہ کعبہ کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے نئی شروعات قرار دیدیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے پینسل آرٹ ورک سے بنائی گئی خانہ کعبہ کی تصاویر کو شیئر کیا اور کہا کہ یہ نئی شروعات ہے، ٹویٹر پر انہوں نے ایک ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا جس کا عنوان’روح کو بچاؤ‘ تھا۔
یاد رہے کہ معروف گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے ذاتی ویڈیو لیک ہونے کے بعد رواں ماہ 4 نومبر کو شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ شوبز کو خیرباد کہنے پر جہاں شوبز کی شخصیات نے مایوس کن فیصلہ قرار دیا تھا وہیں کئی مداحوں نے بھی اداکارہ سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
A new beginning #saveasoul pic.twitter.com/R6e0jjbTij
— Rabi Pirzada (@Rabipirzada) November 10, 2019
بعض مداح اداکارہ کے شوبز چھوڑنے کے فیصلے پر مطمئن بھی تھے، ساتھ ہی مداحوں نے گلوکارہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اب اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا آغاز کریں اور اب اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے خانہ کعبہ کی کچھ بنائی گئی پینٹنگز شیئر کرتے ہوئے زندگی کی نئی شروعات کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رابی پیرزادہ نے ٹوئٹ میں پینسل آرٹ ورک سے بنائی گئی خانہ کعبہ کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے اسے نئی شروعات کا نام دیا۔
اگرچہ اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ وہ شوبز کو چھوڑنے کے بعد اب کیا کرنے جا رہی ہیں، تاہم ان کے مداحوں نے اس کو رابی پیرزادہ کے بطور پینٹرز کیریئر کا آغاز قرار دیا۔
اداکارہ کی جانب سے نئے آغاز کی ٹوئٹ کیے جانے کے بعد کئی مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید حوصلہ مند ہونے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ اپنی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز لیک ہونے کے بعد اداکارہ نے جہاں شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، وہیں انہوں نے کچھ انٹرویوز میں یہ بھی کہا تھا کہ ان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر بات کیے جانے کی وجہ سے ان کی ویڈیوز لیک کی گئیں۔
رابی پیرزادہ ویڈیوز لیک ہونے سے قبل گزشتہ چند ماہ سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سوشل میڈیا پر متحرک تھیں اور بھارت کی جانب سے وادی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے پر انڈیا پر سخت تنقید کرتی آ رہی تھیں۔