لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور اداکار ہمایوں سعید جو ان دنوں نجی ٹی وی چینل کے ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، اس ڈرامے کی ہر طرف دھوم مچی ہوئی ہے، کچھ لوگ اس کے حق میں ہیں جبکہ کچھ اس ڈرامے کو متنازعہ قرار دے رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل میں میزبان کی طرف سے سوال کیا گیا کہ ڈرامے میں ایسا کیا کردار ہے جس کی وجہ سے آپ کی ہر طرف دھوم مچی ہوئی ہے، کیونکہ اس ڈرامے کو دیکھ کر بہت ترس آ رہا ہے، اس ڈرامے میں پاکستانی اداکارہ عائزہ خان اور عدنان صدیقی بھی مرکزی کرداروں میں شامل ہیں، اس سوال کے جواب میں ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ مشہور زمانہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمن نے یہ سیریل کسی اور کو دیا ہوا تھا۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ خلیل الرحمن نے اس سیریل کے چار قسطیں پہلے لکھی ہوئی تھیں، اس دوران جب میں نے انہیں (خلیل الرحمن) کو بولا کہ آپ کا کوئی اور سیریل ہے تو وہ مجھے (ہمایوں سعید) کو دے دیں۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ میری پیشکش کے بعد انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایک سیریل ہے جو آپ لے لیں، میں نے یہ پیشکش قبول کر لی اور کہا کہ ٹھیک ہے یہ سیریل میں کرنے کے لیے تیار ہوں، جب میں نے یہ پیشکش قبول کی تو مجھے نہیں پتہ کہ میرا کردار اس میں کیا ہے، اس دوران خلیل الرحمن نے کسی اور سے سیریل واپس لے لیا غالباً ان کا نام حسن سومرو تھاجن سے یہ سیریل واپس لیا گیا اور اس کے بعد یہ سیریل مجھے دے دیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران جب میں نے یہ سیریل لے لیا تو مجھے لگا کہ خلیل الرحمن صاحب کسی اور کے لیے لکھا ہو گا پتہ نہیں اچھا بھی ہوگا کہ نہیں، اس دوران میں نے بطور پروڈیوسر اس سیریل کو خط پڑھا۔ جیسے میں نے یہ سیریل پڑھا تو مجھے بہت پسند آیا۔
ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ یہ بات تقریباً پانچ سے چھ سال پہلے کی بات ہے، میں نے یہ پڑھنا شروع کیا تو مجھے دو سے تین سال لگے اور میں نے یہ کیا کہ اس ڈرامے میں دانش (ہمایوں سعید) والا کردار میں خود کروں گا۔ اس ڈرامے میں جو دوسرا رول جو شہوار(عدنان) کر رہا ہے وہ بھی بہت شاندار کردار ہے۔
انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عدنان صدیقی کا کردار بہت ہی اعلیٰ ہے، آگے جا کر یہ کردار مزید کھلے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ جو کردار آپ (ہمایوں سعید) کر رہے ہیں، اس میں آپ ہمدردی بھی حاصل کرتے ہیں، اور لوگ اس کردار سے بہت لگاؤ رکھتے ہیں اور باقی سب برے لگ رہے ہیں جس پر ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے کو میں نے تین چار سال سے روک کر رکھا تھا، اور پلان یہ تھا کہ اس کو وقت پر کروں گا، اس دوران مجھے نجی ٹی وی چینل کی طرف سے کہا گیا کہ یہ ڈرامہ ہمیں دے دیں۔ اس لیے میں نے یہ ڈرامہ انہیں دے دیا۔ اور میں نے کہا کہ سیریل کوئی اور کر لے اور ہدایتکار بھی کوئی اور کر لے۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے دو سے چار ہدایتکاروں کو کرنے کے لیے ڈرامہ دیا لیکن چاروں کی طرف سے کہا گیا کہ یہ کردار بہت بورنگ ہے ہمیں یہ پسند نہیں۔ اس دوران میں نے محسوس کیا کہ مجھے کیوں یہ ڈرامہ پسند آ رہا ہے، کیونکہ میں ایک اداکار بھی ہوں شائد یہ بھی ایک وجہ ہو سکتی ہے کہ اس کا سکرپٹ مجھے اچھا لگے۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے میں بہت کچھ خاص تھا، اس دوران کسی اور ڈائریکٹر کو دینے سے قبل میں نے ایک کو کہا آپ (ندیم) پڑھ لیں۔ انہوں نے آفر فوراً قبول کی۔
انٹرویو کے دوران اداکار نے انکشاف کیا کہ اس وقت ایک تجویز تھی کہ اس کی فلم بنائیں تاہم اس کو ڈرامے بنانے پر سب نے اتفاق کیا۔